پاکستان میں سالانہ 13لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت

اسلام آباد پاکستان میں روزگار کی فراہمی کے لئے سالانہ 13لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے جبکہ قومی معیشت کی ترقی کی شرح میں ایک پوائنٹ کے اضافہ کے لئے روز گار کے 0.2 ملین نئے مواقع پیدا کرنا ہوں گے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بے روزگاری کے خاتمہ اور ضرورت کے مطابق روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے قومی معیشت کی سالانہ شرح نمو 6.6 فیصد تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تعمیرات کے شعبہ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ تعمیرات کے شعبہ کی ترقی سے اس سے منسلک تیس کے قریب صنعتوں کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا اور ملک میں تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مکانات کی قلت کا مسئلہ ہے اور خصوصاً کم آمدنی والے افراد اس سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں کیونکہ گھر کی تعمیر ایک خواب بنتا جارہا ہے اس لئے کم قیمت سستے رہائشی یونٹس کی تعمیر کے لئے آسان شرائط اور کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی کے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے کے لئے ملک میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تناسب سے بچتوں کی شرح میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2016-17ء کے دوران جی ڈی پی کے مقابلہ میں بچتوں کا تناسب 12 فیصد جبکہ جی ڈی پی کے مقابلہ میں سرمایہ کاری کا تناسب 16.1 فیصد رہا ہے اس طرح بچتوں اور سرمایہ کاری میں جی ڈی پی کے تناسب سے 4.1 فیصد کا فرق رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں