پاکستانی سفیرعلی جہانگیر صدیقی کا دورہ پنٹاگون،امریکی وزیر دفاع سے ملاقات

امریکا میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے پنٹاگون کا دورہ کیااور امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس سے ملاقات بھی کی۔جیمز میٹس نے وزارت دفاع کی عمارت سے باہر آکر پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کا استقبال کیا جبکہ دورے میں پاکستانی دفاعی اتاشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔علی جہانگیر صدیقی اور جیمز میٹس کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علی جہانگیر صدیقی نے 30 مئی کو پاکستانی سفیر کی حیثیت سے عہدے کاچارج سنبھالا تھا۔ چارج سنبھالنے کے فوری بعد امریکا میں مقیم پاکستانی برادری کے سرکردہ ارکان کے نام لکھے گئے خط میں علی جہانگیر صدیقی نے تارکین وطن کے تعاون سے بڑے اور دور رس مقاصد کے حصول کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک امریکا تعلقات میں بڑی بہتری کی گنجائش ہے۔رواں ماہ 3 جولائی کو امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاس میں سفارتی اسناد پیش کرنے کے بعد امریکی ٹیلی ویژن بلومبرگ کو دیئے گئے اپنے پہلے انٹرویو میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے بتایا تھا کہ انہوں نے امریکی حکام کے رویے میں پاکستان کے بارے میں مخالفت نہیں دیکھی۔ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ 6 سے 9 ماہ میں امریکا کی کئی کمپنیاں پاکستان میں نظر آئیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں