لاہور: ملک میں جاری پانی کے بحران پر قابو پانے کیلئے پنجاب پولیس نے بھی چیف جسٹس آف پاکستان کے ڈیمز اکاؤنٹ میں فنڈز جمع کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ پولیس افسران 2 اور اہلکار ایک روز کی تنخواہ جمع کرائیں گے۔ پنجاب پولیس بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے مجموعی طور پر 12 کروڑ 38 لاکھ 53 ہزار روپے جمع کرائے گی۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ کا قیام قابل تحسین ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس لائنز، ٹریننگ کالجز، تھانوں اور دیگر پولیس دفاتر میں پانی بچاؤ مہم پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ پنجاب پولیس ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیر کیلئے تمام اداروں کے شانہ بشانہ کام کرے گی۔ آئی جی پنجاب سید کلیم امام نے کہا کہ دہشت گردی، سیلاب اور زلزلہ جیسی قدرتی آفات میں پنجاب پولیس نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے۔ پانی کے بحران پر قابو پانے کیلئے نئے ڈیموں کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نئے ڈیموں کی فوری تعمیر سے وطنِ عزیز کی ترقی اور بقاء کو لاحق خطرات دور کئے جا سکتے ہیں۔