ابوظہبی : متحدہ عرب امارات میں غیرقانونی مقیم پاکستانیوں نے اماراتی ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے کے لئے قونصل خانے سے رجوع کرنا شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے 700 مرد و خواتین نے العویر میں قائم امیگریشن سنٹر سے رابطہ کیا ہے جبکہ 400 پاکستانی شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے سے رابطہ کیا ہے۔پاکستانی قونصل جنرل سید جواد حسن نے خلیجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ پاکستانی شہری براہ راست امیگریشن سنٹر بھی گئے تاہم ان کی تعداد بہت کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکیم کے آغاز سے اب تک 400 پاکستانیوں کو سفری دستاویز جاری کی جا چکی ہیں۔انہوں نے تصدیق کی کہ قونصل خانے کی جانب سے پاکستانیوں کو فری آوٹ پاسز بھی دیئے جارہے ہیں اور وہ لوگ جو نوکری کی تلاش کے لئے متحدہ عرب امارات میں رہنا چاہتے ہیں انہیں پاسپورٹ میں سات ماہ کی توسیع بھی دی جارہی ہے۔قونصل جنرل نے بتایا کہ وہ لوگ جو مفلس ہیں انہیں پاکستان کی ایک ایئرلائن کے تعاون سے مفت فضائی سفر کے ٹکٹس بھی مہیا کیے جارہے ہیں اور امیگریشن اور ویزہ فیس بھرنے کی مد میں بھی مدد فراہم کی جارہی ہے۔