اسلام آباد: بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کی روشنی میں مادر وطن کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے پختہ عزم کی تجدید اور جمہوری تسلسل کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے آج ملک کا 72 واں یوم آزادی قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے، جب کہ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر المک، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفیر اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ مرکزی تقریب میں صدر اور وزیراعظم نے سبز ہلالی پرچم لہرایا، اس سے قبل تلاوت قرآن پاک کی گئی اور پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔
جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کے موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان اُن تصورات کی مجسم تصویر ہے، جس کی آغوش میں ہم ہر لمحہ آزادی کالطف اٹھاتے ہیں’۔ صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ ‘جشن آزادی اور عام انتخابات کے درمیان پیغام پوشیدہ ہے، یہ دن یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی قسمت کے فیصلے ووٹ کی پرچی سے ہوں گے اور پاکستان کے نمائندے وہی ہوسکتے ہیں جنہیں ووٹرز سند نمائندگی دیں’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘وہی قانون کامیاب رہا جس میں عوام کی مرضی شامل رہی’۔
صدر مملکت نے خطاب میں فرمایا کہ ‘ہم ابھی مکمل طور پر منزل تک نہیں پہنچ سکے، ہمیں اُن رکاوٹوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے، جن کی وجہ سے مسائل درپیش رہے’۔ ملک کو بانیان پاکستان کے خوابوں کی تکمیل کے لیے سنوارنے کے عزم کے ساتھ صدر مملکت نے دعا کی کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں کو آسانیاں عطا ہوں۔
اس سے قبل آج دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ دوسری جانب صبح 8 بجکر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے گئے۔ صدر مملکت، نگران وزیراعظم اور اہم شخصیات کی طرف سے دن کی مناسبت سے خصوصی پیغامات بھی جاری کیے گئے۔ پرچم کشائی کی تقاریب صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی منعقد کی گئیں۔ چاروں صوبوں کے نگران وزرائے اعلیٰ نے ان تقریبات میں شرکت کی۔