اسلام آباد: عمران خان نے پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیا، جس کے بعد کابینہ سکریٹری نے صدر مملکت سے تقریب شروع کرنےکی اجازت طلب کی۔ تقریبِ حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کے بعد صدرِ مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 176 ووٹ لیے جب کہ ان کے مدِ مقابل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے تھے یوں عمران خان ملک کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے تھے۔