بین الاقوامی راہنماؤں کی جانب سے پاکستانی نو منتخب وزیرِ اعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار

ترک صدر رجب طیب نے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان کے دور میں پاک ترک تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ ترکی کے صدر رجب طبیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا جس میں انہوں نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ طیب اردوان نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ بطور وزیراعظم عمران خان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں، اللہ تعالی عمران خان کا حامی و ناصر ہو۔ ترک صدر نے لکھا کہ ترکی کے معاشی بحران میں پاکستان کے تعاون پر شکر گزار ہیں، امید کرتے ہیں کہ عمران خان کے دور میں پاک ترک تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ ترک صدر کا عمران خان کی صحت کے ساتھ پاکستانی عوام کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عمران خان کا انتخاب بہادر اور عزت مند پاکستانیوں کی امنگوں کی علامت ہے۔ حسن روحانی نے کہا کہ ایران پاکستانی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے، امید ہے عمران خان کے دور اقتدار میں عالم اسلام کی وحدت میں اضافہ ہو گا۔ ایران کے صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا، پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے بھی عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کی۔
امریکی محکمہ داخلہ کی جانب سے بھی عمران خان کے وزیراعظم بننے پر تہنیتی بیان جاری کیا گیا۔ امریکا کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 70 سالوں سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات بہت اہم رہے ہیں، پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ خطے میں امن کے لیے کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔
قبل ازیں برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے بھی وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کر کے مبارکباد پیش کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک برطانیہ تعلقات مزید متحرک اور سرگرم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں کھولنے کے لیے بھی تیار ہیں، نئی حکومت کی مکمل معاونت کریں گے. وزیراعظم عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر اپنے برطانوی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں