ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں میٹ سیفٹی نے لاہور کے مختلف علاقوں میں مضر صحت گوشت فروخت کر نے والوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔غیر قانونی مذبح خانوں سے مجموعی طور پر3800من مضر صحت گوشت برآمد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی میٹ سیفٹی ٹیمز نے لاہور میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں غیر معیاری گوشت فروخت کرنیوالوں کیخلاف خفیہ آپریشن کیا ، دورانِ معائنہ بیمار جانور ذبح کرنے ، زائدلمعیاد گوشت سٹور کرنے،صفائی کے ناقص انتظامات ، حشرات کی بھرمار اوربدبودار ماحول کی وجہ سے بکرا منڈی میںاولڈ سلاٹر ہاؤس عارف چلر سروس سے 1700کلو ناقص گوشت ،بکر منڈی میں ہی واقع ایک اور ذبح خانہ سے1800 اورپاک ٹاؤن محمد علی کالونی میں جاوید گوگا میٹ سروس سے 300کلوناقص گوشت برآمد کر کے مذبح خانوں کو سیل کر دیا گیا۔شہر میں غیر قانونی مذبح خانہ چلانے پر جاوید گوگا کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا گیا۔اس سلسلے میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر بیمار جانوروں کا مضر صحت گوشت فروخت کرنے پرمذبح خانہ کو سیل کیا گیا ۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ بیمار جانوروں کے گوشت سے متعددخطرناک اور موذی بیماریاں پھیلتی ہیں۔میٹ سیفٹی ٹیموں نے مجموعی طور پر 3800کلو (95من ) ناقص گوشت قبضہ میں لے کر شہریوں کو متعدد بیماریوں سے بچا یا ہے۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ محفوظ گوشت سمیت بنیادی اشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بناناپنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔اس سلسلے میں معیاری گوشت کی یقینی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ایک ٹاسک فورس بنا نے پر بھی کام جاری ہے۔