صحرائے تھر کے قحط متاثرین میں امدادی گندم کی تقسیم شروع ہو گئی، ضلع بھر کے2 لاکھ سے زائد خاندانوں میں فی کس 50کلو گندم مفت تقسیم کی جا رہی ہے۔ بالآخر تھر کے قحط متاثرین میں سندھ حکومت کی جانب سے امدادی گندم کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر آصف جمیل کے مطابق نادرا سے حاصل کردہ ڈیٹا کے مطابق ضلع کے 2لاکھ،8 ہزار 247خاندانوں میں فی خاندان 50کلو گندم تقسیم کی جا رہی ہے۔ متاثرین میں تحصیل ننگرپار کر کے44ہزار109، مٹھی کے 35ہزار367، اسلام کوٹ کے 35ہزار420، تحصیل چھاچھرو کے 35ہزار612، ڈاہلی کے 23ہزار29 ، تحصیل ڈیپلو کے 22ہزار 638 اور کلوئی کے 12ہزار 22خاندان بھی متاثرین میں شامل ہیں۔انتظامیہ نے کہا کہ متاثرین کو قومی شناختی کارڈ کے ذریعے مفت گندم مقامی گندم کے گودام سے ملے گی جس کے لیے مراکز قائم کر دیئے گئے ۔