25 سال کی عمر میں وفات پاجانے والی ایک روسی خاتون کی قبر پر حال ہی میں ایپل آئی فون کی شکل کا کتبہ نصب کیا گیا ہے، جس کی اسکرین پر ان کی تصویر بھی موجود ہے۔ دی سن کی ایک رپورٹ کے مطابق ریٹا شامیوا کی وفات 2016 میں ہوئی تھی، جنہیں اپنے آئی فون سے بے انتہا محبت تھی۔ حال ہی میں ان کے والد نے اپنی بیٹی کی قبر پر ایک 5 فٹ کا کتبہ لگوایا ہے، جو بالکل آئی فون کی طرح کا ہے، اس پر ایپل کا لوگو بھی موجود ہے اور اسکرین پر آنجہانی شامیوا کی تصویر بھی ہے۔ ہو بہو آئی فون کی شکل کے اس غیر معمولی کتبے پر کیو آر کوڈ بھی ہے۔ یہ کوڈ اسکین کرنے پر ایک ویب سائٹ کھل جاتی ہے، جس پر ایک چھوٹی سی نظم لکھی ہے، جو ممکنہ طور پر خاتون کی یاد میں ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق مرنے والی خاتون ایپل اسمارٹ فون کی فروخت کا کام کرتی تھی۔رپورٹس کے مطابق پاویل کلیوک نامی ایک سائبیرین آرٹسٹ اور ان کی کمپنی نے یہ منفرد کتبہ تیار کیا ہے۔ گرینائٹ کے اس کتبے کی تیاری پر ایک لاکھ 88 ہزار روپے کی لاگت آئی ہے۔