انقرہ: ترکی نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی پر سعودی سفیر کو طلب کرلیا ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمال خاشقجی گزشتہ منگل کو استنبول کے سعودی قونصل خانے سے لاپتہ ہوگئے تھے جبکہ ترک پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ سعودی صحافی کو قتل کردیا گیا ہے تاہم سعودی قونصل خانے نے ترک پولیس کے الزام کو مسترد کیا ہے۔ترک حکام نے سینئر صحافی جمال خاشقجی کی پراسرار گمشدگی کے حوالے سے انقرہ میں تعینات سعودی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کیا ہے۔ ترکی میں سعودی صحافی کے ممکنہ قتل کے معاملے پر ترکی نے سعودی قونصل خانے سے تلاشی کی درخواست بھی کی ہے جبکہ ترک حکام کا دعویٰ ہے کہ صحافی خاشقجی کو سعودی قونصل خانے کے اندر قتل کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل اتوار کے روز بھی ترک وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار کے مطابق نائب وزیر خارجہ سیدات اونال نے سعودی سفیر وليد بن عبدالكريم الخريجی سے ملاقات کی تھی اور جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر ریاض حکومت سے تعاون کی اپیل کی تھی۔ترک صدر طیب اردگان کا کہنا ہے کہ سعودی صحافی کی گمشدگی کے معاملے کو وہ خود دیکھ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ سعودی صحافی جمال خاشقجی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پالیسیوں کے بڑے ناقد رہے ہیں۔ امریکی اخبار کے مطابق سعودی صحافی جمال خاشقجی انقرہ میں سعودی سفارتخانے میں داخل ہوئے تھے۔ لیکن اس کے بعد واپس نہیں آئے جس کی تصدیق ان کی ترک منگیتر نے بھی کی۔