لاہور: مسلم لیگ نون نے پنجاب اسمبلی میں معطل ارکان کی بحالی تک ایوان میں نہ جانے کا اعلان کر دیا۔ حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے پہلے ہمارے ارکان کو ایوان میں لایا جائے، عام انتخابات کی رات ہی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سپیکر پنجاب اسمبلی تھانیداری کر رہے ہیں، ہم جمہوریت کی خاطر اسمبلی آئے، دھاندلی کے باوجود نتائج کو قبول کیا۔ انہوں نے کہا سپیکرپنجاب اسمبلی رنگ روڈ اسکینڈل میں ملوث ہیں، وہ ن لیگ کے 12 ووٹ چوری کر کے سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے، انہوں نے مشرف اور نواز شریف کا بھی وفادار بننے کی کوشش کی تھی۔ یاد رہے پنجاب اسمبلی میں دو روز کے وقفے کے بعد آج بجٹ پر بحث کا آغاز ہوگا، تاہم اس بجٹ بحث میں نواز لیگ کے محمد اشرف رسول، محمد وحید، یاسین عامر، مرزا جاوید، طارق مسیح گل اور خاتون رکن زیب النساء کی تصاویر اسمبلی کے داخلی راستوں پر چسپاں کی گئی اور سکیورٹی سٹاف کو ہدایات دی گئیں کہ جن ارکان پر پابندی ہے وہ ایوان میں نہ آنے پائیں، ان ارکان اسمبلی پر گزشتہ بجٹ سیشن میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے۔