لاہور: پنجاب اسمبلی میں پابندی کا شکار مسلم لیگ نواز کے6 ارکان کی تصاویر ایوان کے داخلی راستوں پر چسپاں کر دی گئی ہیں۔ سکیورٹی سٹاف کو جاری کردہ سرکلر میں ہدایت کی گئی ہے کہ جن ارکان پر پابندی ہے وہ ایوان میں نہ آنے پائیں۔ پنجاب اسمبلی میں دو روز کے وقفے کے بعد آج بجٹ پر بحث کا آغاز ہوگا۔ تاہم اس بجٹ بحث میں نواز لیگ کے محمد اشرف رسول، محمد وحید، یاسین عامر، مرزا جاوید، طارق مسیح گل اور خاتون رکن زیب النساء کی تصاویر اسمبلی کے داخلی راستوں پر چسپاں کر دی گئی ہیں۔ سکیورٹی سٹاف کو ہدایات دی گئی ہیں کہ جن ارکان پر پابندی ہے وہ ایوان میں نہ آنے پائیں۔ ان ارکان اسمبلی پر گزشتہ بجٹ سیشن میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے۔ ادھر مسلم لیگ نواز نے 6 لیگی ارکان کی اسمبلی میں داخلے پر پابندی کے خلاف اجلاس میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلہ حمزہ شہباز کی زیر صدارت پارٹی سیکر ٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ حکومت کے امتیازی سلوک اور سپیکر کی جانبداری کا بھرپور سامنا کریں گے۔ ایسے حالات میں اپنے ایم پی ایز کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔ اجلاس میں سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوں گے۔