کشمیری 71 سال سے بھارتی تسلط سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں’ مشعال ملک

لاہور: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ کشمیری 71 سال سے بھارتی تسلط سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، بھارتی ظلم و تشدد سہتے تین نسلیں قربان، چوتھی زخموں سے چور ہے۔ حریت رہنما الطاف بٹ کا کہنا ہے کہ جذبہ حریت سے خوفزدہ بھارتی فورسز اب نسل کشی پر اتر آئی ہے۔ مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کیخلاف کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں، 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوجوں نے جموں کشمیر پر قبضہ کیا، ان کا کہنا ہے کہ کشمیری71سال سے بھارتی تسلط سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، دنیا کی تاریخ میں شاید ہی اتنی طویل جدوجہد کی قوم نے کی ہو۔ پاکستان اور پاکستانی عوام مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دیں۔ سینئر حریت رہنما الطاف بٹ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نئی نسل کے جذبہ حریت سے خوفزدہ بھارتی فورسز اب نسل کشی پر اترآئی ہے، جنت نظیر وادی کا کوئی ایسا گھر نہیں جہاں سے شہدا کے جنازے نہ اٹھے ہوں، بھارت جان لے یہ وہ آگ سے کھیل رہا ہے اور اسے حساب دینا پڑے گا،71سال پہلے ہمارے آبائواجداد نے آزادی کا جوخواب دیکھا وہ ہرصورت پورا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں