آسیہ کیس کا فیصلہ عدالتی ہے، فوج کو ہر معاملے میں گھسیٹنا افسوسناک ہے’ میجر جنرل آصف غفور

راولپنڈی: میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے آسیہ کیس کا فیصلہ عدالتی ہے، فوج کو ہر معاملے میں گھسیٹنا افسوسناک ہے، نظر ثانی درخواست دائر ہوگئی، قانونی عمل مکمل ہونے دیا جائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تمام مسلمانوں کا آپ ﷺ سے محبت کا رشتہ ہے، آسیہ مسیح کا کیس 10 سال سے عدالتوں میں چل رہا ہے، چند دنوں سے ملک میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا افواج پاکستان دہشتگردوں کے خاتمے میں مصروف ہے، حکومت خود بھی معاملے کو حل کرنا چاہتی ہے، ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنائی جائے گی۔ میجر جنرل آصف غفور کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی بحیثیت مسلمان کیس کو چلنے دیں، بہتر ہوگا آسیہ مسیح کے قانونی عمل کو مکمل ہونے دیا جائے، چاہتے ہیں صورتحال پر امن طریقے سے حل ہو جائے۔ انہوں نے کہا آئین و قانون کے احترام کیساتھ فوج کیخلاف بیانات سے گریز کرنا چاہیئے، دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتنے کے قریب ہیں، ہماری توجہ نہ ہٹائی جائے، اسلام ہمیں امن، درگزر اور پیار کا درس دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں