اسلام آباد: گزشتہ ماہ روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا، مہنگائی کی شرح میں ساڑے چھ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق نومبر میں مہنگائی کی شرح میں 6 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 6 اعشاریہ 8 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ دوسری جانب جولائی سے نومبر کے دوران مہنگائی کی شرح 6 اعشاریہ 02 فیصد رہی۔ نومبر میں مرغی 19 فیصد مہنگی، انڈوں کی قیمت میں 9 فیصد اضافہ، پیٹرول 5 فیصد اور ڈیزل 7 فیصد مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ مونگ کی دال 2 فیصد، ماش ساڑے 3 فیصد مہنگی، ڈیری مصںوعات ڈھائی فیصد مہنگی ہوئی جبکہ سیمنٹ کی قیمت میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت ملک میں مہنگائی 4 سال کی بلند ترین سطح کو چھو چکی ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا، حکومت کو مہنگائی پر قابو پانے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔