راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دشمن کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن رد الفساد کے تحت استحکام لایا جا رہا ہے۔ مربوط قومی حکمت عملی کے تحت پاکستان کے خلاف ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں پانچ فروری کے موقع پر مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندرونی سیکیورٹی کی صورتحال اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں ناکام بنانے کا عزم اور 5 فروری کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں آپریشن ردالفساد، لائن آف کنٹرول (ایل او سی)، ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے تحت استحکام لایا جا رہا ہے۔ مربوط قومی حکمت عملی کے تحت دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سازشیں ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی بہتر سیکیورٹی صورتحال کے فوائد سماجی ترقی کے ذریعے عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ کور کمانڈرز نے علاقائی سلامتی اور افغانستان میں امن کیلئے مصالحتی عمل کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔