لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف لندن میں تقریباً دو ماہ قیام کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ شہباز شریف پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لندن سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو لیگی کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد نے اُن کا استقبال کیا، گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
پارٹی صدر کے استقبال کے لیے کافی تعداد میں لیگی رہنما ائیرپورٹ پر موجود تھے۔ شہباز شریف نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا، پارٹی رہنماؤں سے مصافحہ کیا اور قافلے کی شکل میں ایئرپورٹ سے ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پہنچے۔ یاد رہے کہ شہباز شریف 10 اپریل کو طبی معائنے کے لیے برطانیہ گئے تھے، اُن کے خلاف رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اسکینڈل کے مقدمات زیر سماعت ہیں۔