کھاریاں (بیورو رپورٹ): جرمنی کی سیاسی و سماجی شخصیت کی پاکستان آمد اور دوستوں عزیزوں سے ملاقات. تفصیلات کے مطابق تحصیل کھاریاں، ڈھل بنگش سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری حمزہ شبیر، حالیہ مقیم جرمنی کی پاکستان آمد کے بعد دوستوں اور عزیزوں سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے. ملاقاتوں میں آپ کے کزنز چوہدری اویس، چوہدری نصر اور چوہدری زبیر خاص طور پر ہمراہ ہیں.
چوہدری حمزہ شبیر نے ایک نجی محفل میں بتایا کہ ”پاکستان آمد سے تارکینِ وطن پاکستانیوں کو دوستوں اور عزیزوں سے ملنے اور سیر و تفریح کے مواقع ملتے ہیں جس سے ذہن اور دل کو سکون حاصل ہوتا ہے. تحصیل کھاریاں اور ڈھل بنگش میرے تعارف کا معتبر حوالہ ہیں. میرے بزرگ اسی مٹی میں آسودہ خاک ہیں. پاکستان دورہ کے دوران دوستوں سے ملاقاتیں رہیں، خوب گپ شپ رہی، ہم نے دنیا جہان کے موضوعات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا. جو پیارے اور احباب میری غیر موجودگی میں اس دنیائے فانی سے چل بسے تھے، ان کی قبور پر حاضری دی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کیں، لواحقین کو حوصلہ دیا اور دکھ کا اظہار کیا. ابھی بھی مزید احباب سے ملاقاتیں باقی ہیں، یہ سب لوگ شادوآباد رہیں کیوں کہ ہمارا ان کے سوا اور کون ہے، یہی تو ہمارا حقیقی چہرہ اور تعارف ہیں۔ ہر شخص کا آبائی شہر یا گاؤں ہی اس کے لیے سب کچھ ہوتا ہے، اگر وہ نقل مکانی بھی کر لے تو اس کے اندر سے آبائی وطن، شہر یا قصبہ نہیں نکلتا۔ اسی طرح تحصیل کھاریاں، ڈھل بنگش اور یہاں بسنے والوں کو میری ذات سے الگ نہیں کیا جا سکتا. تحصیل کھاریاں پوری دنیا میں اپنے شہریوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ خالص محبت، بھائی چارہ، میل جول اور مہمان نوازی ہمارے علاقوں کی نمایاں خصوصیات ہیں۔‘‘
چوہدری حمزہ شبیر کے دوستوں عبدالصغیر، رفاقت علی، مرزا عثمان، بلال حسین اور بابر علی نے اپنی ملاقات میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری حمزہ شبیردوستوں کے دوست ہیں اور دیانتدار اور غریب پرور انسان ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی خوش اخلاق اور خوش لباس شخصیت کے مالک ہیں. ہم سب دوست، عزیز اور رشتہ دار اِن کی پاکستان آمد کے منتظر تھے۔ ہمارے علاوہ اور بھی کئی پرانے احباب سے چوہدری حمزہ شبیر کی ملاقات ہوئی اور بہت اچھا وقت گزرا کہ آج کے زمانے میں اچھے دوست کم کم ہی مل پاتے ہیں۔
چوہدری حمزہ شبیر کی وقتاً فوقتاً دوستوں اور عزیزوں کی ایک کثیر تعداد سے ملاقات ہوتی رہی ہے.