پشاور: کرغزستان میں پھنسے طلباء کو لے کر ایک اور پرواز خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کرغزستان میں شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد ہزاروں طلباء وہاں پھنس گئے جن کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، 290 طلباء کو لے کر خصوصی پرواز پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پہنچی ہے، طلبا کے استقبال کیلئے والدین اور رشتہ دار ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی کرغزستان سے دو پروازوں کے ذریعے 346 طلباء وطن واپس پہنچے تھے، نیو اسلام آباد انٹرنیشنل پر خصوصی پرواز 171 طلباء و طالبات کو لیکر اتری جہاں سینیٹر مصدق ملک نے طلبا کا استقبال کیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر خصوصی ڈیسک اور طلبا کیلئے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔ دوسری پرواز بشکیک سے 175 طلبا کو لے کر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری جہاں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے وطن واپس آنے والے طلبا کا استقبال کیا، طلباء نے مفت واپس لانے کے حکومتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہر طالبعلم 90 سے 92 ہزار روپے سفری اخراجات ادا کر کے آیا ہے۔