پنجاب کے متعدد شہروں میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا ہے، شمالی بلوچستان میں بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے. ادھر سندھ میں بدستور موسم گرم جب کہ بالائی علاقوں میں موسم ابرآلود ہے۔ ملک میں کہیں گرمی، کہیں خشک موسم، کہیں برسات، تو کہیں بادلوں کا راج ہے۔ پنجاب میں دو شہروں، چکوال اور حافظ آباد میں موسلادھار بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔ اُدھر منڈی بہاؤالدین میں بادل کھل کر برسے تو جل تھل ایک ہوگیا. سڑکیں اور گلیاں تالاب کی شکل اختیار کر گئیں جب کہ بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ ژوب، کوہ سلیمان، درہ بند سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ علاوہ ازیں سندھ کے شہروں میں آج بھی گرمی کا راج ہے. خیبر پختونخوا اور بالائی علاقوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں جس سے موسم کافی خوشگوار ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور اتوار کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
