لاہور: عام انتخابات 2018ء کیلئے 10 کروڑ 59 لاکھ سے زائد ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ ملک بھر میں پولنگ صبح 8 سے شام 6 بجے تک بلا تعطل جاری رہےگی۔ انتخابات کیلئے مجموعی طور پر 21 کروڑ بیلٹ پیپر چھاپے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر استعمال ہو گا۔ بیلٹ پیپرز میں پہلی بار سیکیورٹی فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ امن وامان کے قیام کیلئے پاک فوج کی معاونت حاصل کی گئی ہے۔ اپنے ووٹ اور پولنگ سٹیشن حلقہ کی 8300 سروس کے ذریعے تصدیق کر لیں۔ عملے کیساتھ تعاون نہ کرنے اور کام میں خلل ڈالنے پر سخت کارروائی ہو گی۔ الیکشن کمیشن میں الیکشن سیل اور کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔ الیکشن سیل میں نتائج موصول کرنے کیلئے 6 سکرینیں نصب کر دی گئی ہیں۔ سکرینز پر آرا یم ایس اور آر ٹی ایس کے ذریعے نتائج موصول ہوں گے۔ ادھر الیکشن کمیشن میں قائم کنٹرول روم میں 3 سکرینیں نصب کی گئی ہیں۔عام انتخابات 2018ء کیلئے پارلیمنٹ کی 272 میں سے 270 نشستوں پر امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ ملک بھر میں 85 ہزار 252 پولنگ سٹیشنز جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے ہیں، جس میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا۔