لاہور: ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف تحریک لبیک پاکستان نے لاہور سے اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز کردیا، مارچ کی قیادت امیر تحریک علامہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کررہے ہیں۔ ان کے ہمراہ پیر سید ظہیرالحسن شاہ بخاری،علامہ غلام غوث بغدادی، ڈاکٹر شفیق امینی، علامہ قاضی محمود احمد، صاحبزادہ نعیم عارف نوری، علامہ نواز بشیر جلالی سمیت دیگر رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ داتا دربار بھاٹی چوک سے مارچ براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد پہنچے گا. تحریک لبیک پاکستان کے قافلے راستے میں مرکزی قافلے کا حصہ بنیں گے۔ گستاخانہ خاکوں کیخلاف مارچ میں شرکت کیلئے سندھ اسمبلی میں تحریک لبیک پاکستان کے پارلیمانی لیڈر مفتی قاسم فخری سمیت دوسرے صوبوں سے بھی ذمہ داران گذشتہ روز لاہور پہنچے، دن بھر صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں سے کارکنان ٹولیوں کی شکل میں جمع ہوتے رہے۔ دوسری طرف علامہ خادم حسین رضوی کے زیر صدارت تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں پیر افضل قادری، علامہ وحید نور اور صاحبزادہ عثمان علی جلالی سمیت دیگر نے شرکت کی اور فیصلہ کیا کہ مطالبات کی منظوری تک اپنے فیصلے سے نہیں ہٹیں گے۔ اسلام آباد رمارچ سے قبل علامہ خادم حسین رضوی نے اپنی مادری زبان پوٹھواری میں شرکاء مارچ سے خطاب کیا۔ انہوںنے کہا کہ یہ سفر ہے کوئے جاناں، یاں قدم قدم بلائیں، جسے زندگی ہو پیاری، وہ یہیں سے لوٹ جائے۔ تحریک لبیک والے شہید ہوجائیں گے، لیکن اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ حکومت پاکستان ہالینڈ کے گستاخانہ مقابلے رکوانے کیلئے عملی اقدامات کرے۔ حکومت اگر خاکوں کا مقابلہ نہیں روک سکتی تو ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرے۔ ہالینڈ سے پاکستانی سفیر کو واپس طلب کیاجائے اور پاکستان سے ہالینڈکے سفیرکوبے دخل کیاجائے۔ علامہ خادم حسین رضوی نے کہاکہ مطالبات کی منظوری کے بغیر واپس گھر جانے کا کوئی آپشن نہیں۔ ہم جو کہتے ہیں وہ جان دے کر بھی پورا کرتے ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ خادم رضوی نے کہا کہ ہم اپنے اصولی موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ناموس رسالت کا مسئلہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں یہ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے اس پر کسی قسم کے کمپرومائز یا لچک کا سوال ہی پیدا نہیں ہو سکتا۔