روسی کوہ پیما کو بچانے والے پاکستانیوں کے لیے روس کا قومی اعزاز

ماسکو: روسی کوہ پیما ایلگزینڈر گوکوف کو مشکل آپریشن کے بعد ریسکیو کرنے والے 4 پاکستانیوں کو روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے قومی اعزاز سے نوازا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق صدر پیوٹن نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے پاکستانیوں قاضی محمد، عابد رفیق، محمد انزہم رفیق اور فخر عباس کو روس کے قومی اعزاز ’ آرڈر آف فرینڈ شپ‘ سے نوازا ہے۔ قراقرم پہاڑیوں میں دشوار گزار لاتوک کی چوٹی پر پھنسے روسی کوہ پیما کو 31 جولائی کو ریسکیو کیا گیا تھا۔
الیگزینڈر گوکوف گلگت بلتستان میں قراقرم کے پہاڑی سلسلے کی 7145 میٹر بلند چوٹی لاتوک ون سر کرنے نکلے تھے لیکن مہم کے دوران برفانی طوفان میں پھنس گئے اور نیچے آنے کی کوشش میں ان کا ساتھی گوزونوف گر کر ہلاک ہو گیا تھا۔ زندہ بچ جانے والے الیگزینڈر گوکوف کے پاس خوراک ختم ہوگئی تھی۔
روسی وزارت خارجہ نے پاکستانی وزرات خارجہ سے رابطہ کیا جس کے بعد ایلگزینڈر گوکوف کو دشوار گزار چوٹی سے نہایت خراب موسم میں بحفاظت واپس لانے کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے انتہائی مشکل ریسکیو آپریشن کیا گیا تھا۔ الیگزینڈر گوکوف کو سکردو ملٹری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد مہیا کی گئی اور بعد ازاں سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں