اسلام آباد: عوام کے لئے بری خبر ہے کہ بجلی پونے چار روپے فی یونٹ مہنگی کی جا سکتی ہے۔ بجلی کی قیمت 2016ء سے بڑھا کر صارفین سے ماہانہ قسطوں میں وصولی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے عوام پر بجلی گرانے کی تیاری کر لی ہے، بجلی کی فی یونٹ قیمت 3 روپے 75 پیسے بڑھائی جا سکتی ہے۔ بجلی صارفین سے تقریباً 400 ارب روپے ماہانہ اضافی وصولی کی جائے گی۔ 50 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر بجلی کے ریٹ 2 روپے سے بڑھا کر پانچ روپے 75 پیسے کرنے کی تجویز ہے۔ 100 یونٹ استعمال پر بجلی کے ریٹ ساڑھے نو روپے، 200 یونٹ پر گیارہ روپے چھیاسی پیسے مقرر کئے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ 300 یونٹ بجلی پر ریٹ 13 روپے 86 پیسے، 700 یونٹ تک 19 روپے 29 پیسے اور اس سے اوپر 21 روپے فی یونٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کے نرخوں میں اضافہ سال 2016-17ء اور 2017-18ء کیلئے تجویز کیا گیا ہے۔ بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ منگل کے روز وزیر خزانہ اسد عمر کے زیرِ صدارت ای سی سی اجلاس میں کیا جائے گا۔