سنچورین: (ویب ڈیسک) بیٹنگ کے بعد پاکستان کی باؤلنگ بھی ناکام رہی، جنوبی افریقہ نے سنچورین ٹیسٹ 6 وکٹوں سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی، میچ میں 11شکار کرنے پر فاسٹ باؤلر اولیور مین آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستان کی جانب سے دیے گئے 149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کے اوپنرز میدان میں اترے تو دوسرے ہی اوور میں حسن علی کی گیند پر اوپننگ بلے باز ایڈن مرکرم ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ کے لیے ہاشم آملہ اور ڈین ایلگر کے درمیان 119 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ڈین ایلگر 5 رنز بنانے کے بعد پارٹ ٹائم بولر شان مسعود کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ پروٹیز کو تیسرا نقصان ڈی برائن کی صورت میں ہوا جو یاسر شاہ کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوئے جب کہ جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی بھی پاکستانی قائد سرفراز احمد کی طرح دوسری اننگز میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے، انہیں شاہین آفریدی نے حسن علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ 63 اور باووما 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 181 اور دوسری میں 190 رنز بنائے جب کہ جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 223 رنز بناسکی تھی۔ٹیسٹ کا پہلا اور دوسرا دن بولرز کے نام رہا اور دونوں دن 15،15 وکٹیں گریں۔