(ن) لیگ میں تنظیم سازی، شاہد خاقان سینئر نائب صدر اور مریم نواز نائب صدر مقرر

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) میں تنظیم نو کرتے ہوئے شاہد خاقان کو سینئر نائب صدر، مریم نواز کو نائب صدر اور احسن اقبال کو جنرل سیکریٹری مقرر کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پارٹی کی تنظیم نو سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا ہے، تنظیم نو کا اعلامیہ لندن سے پارٹی کے صدر شہباز شریف نے جاری کیا ہے جس کے مطابق نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور احسن اقبال مرکزی جنرل سیکریٹری مقرر کیے گئے ہیں، نائب صدور میں عابد شیرعلی، ایاز صادق، برجیس طاہر اور درشن لعل شامل ہیں جب کہ مریم اورنگزیب پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات اور ترجمان ہوں گی۔ مرکزی رہنماؤں کی ایک خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی جس میں خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، مشاہد اللہ خان، اقبال ظفر جھگڑا اور دیگر رہنما شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے مرکزی صدر بننے کے باعث مسلم لیگ (ن) پنجاب کی صدارت کا عہدہ خالی تھا اور اس عہدے کے لیے حمزہ شہباز اور رانا ثناء اللہ کے نام زیر غور تھے تاہم پارٹی قائد نواز شریف نے فیصلہ رانا ثناء اللہ کے حق میں دیا اور اب رانا ثناء اللہ پنجاب کے صدر اور سردار اویس لغاری پنجاب کے جنرل سیکریٹری ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں