کوٹری: دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے 14 افراد ڈوب گئے جس میں سے 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انڑپور کے قریب دریائے سندھ میں کشتی ڈوبنے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ 8 افراد تاحال لاپتا ہیں، دریا سے برآمد ہونے والی لاشوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثہ مٹیاری ضلع کی حدود میں ہوا ہے، کشتی مٹیاری سے جامشورو ضلع کے علاقے دڑا ماچھی آ رہی تھی اور اس میں خواتین و بچوں سمیت 14 مسافر سوار تھے، تیزہواؤں اور خراب موسم کے باعث کشتی ڈوب گئی اور اس میں سوار افراد لاپتا ہوگئے۔
خبر ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت 6 افراد کی لاشیں نکال لیں جب کہ 8 افراد کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ آپریشن کررہے ہیں تاہم رات کے اندھیرے کے باعث امدادی ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہے۔ جاں بحق افراد میں چار خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔