کراچی میں مسلسل تین روز سے جاری ہیٹ ویو کی شدت میں آج شام سے کمی آنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کی شدت میں آج شام سے کمی آسکتی ہے اور پیر سے موسم معمول پر آنے کا امکان ہے۔ آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے، جنوب مغرب سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔
بارش نہ ہونے اور شدید گرمی پڑنے کے باعث کراچی کے علاقے طارق روڈ کی جامع مسجد رحمن سے متصل چلڈرن پارک میں نماز استسقاء ادا کی گئی جس کے بعد کراچی سمیت ملک بھر میں بارش اور گرمی کی شدت میں کمی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ساہیوال، بہاولپور، ملتان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے جب کہ ملک کے باقی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی۔