اسلام آباد( نیوز ڈیسک)پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹرمظفرآباد کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا ، ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے ،پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر مظفرآباد کے قریب ٹیک آف کے دوران فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہواجس میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے ، حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں،پاک فوج نے حادثے کی وجوہات اور فنی خرابی کی اصل نوعیت معلوم کرنے کیلئے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا۔ چیف آف آرمی سٹاف ، چیف آف ڈیفنس فورس فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام افسروں و جوانوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

فوجی قیادت نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی جام شہادت نوش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔


