اسلام آباد: مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے حسن رضا قائد اعظم ٹرافی سے باہر ہوگئے۔ دو ماہ قبل حسن رضا کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں بھارتی سٹے باز میچ فکسنگ کے طریقہ کار بتا رہا ہے، اس ویڈیو میں پاکستانی کرکٹر نے کچھ کہا تو نہیں لیکن وہ ساتھ بیٹھے صاف نظر آرہے ہیں، پی سی بی نے تاحال انھیں کوئی نوٹس بھیجا نہ ہی کسی انکوائری کا عندیہ دیا ہے، اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ وہ ایک عرصے قبل قومی ٹیم سے باہر ہوچکے ہیں۔ موجودہ کیس میں شکوک کی بنیاد پر سرکاری ادارے کی ٹیم نے انھیں قائد اعظم ٹرافی کیلئے اپنے سکواڈ میں شامل نہیں کیا۔ اس وقت اسلام آباد میں موجود حسن رضا کا کہنا ہے کہ وہ جلد پی سی بی سے رابطہ کرکے اپنی پوزیشن کلیئر کریں گے۔ یاد رہے کہ حسن رضا نے اکتوبر 1996ء میں ٹیسٹ اور ون ڈے ڈیبیو کیا، کارکردگی میں تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے انھیں 1999ء کے بعد کوئی ون ڈے اور 2005ء کے بعد کوئی ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔