ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت اور احترام سے منائی جارہی ہے۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک کے ہر علاقے میں نمازِ عید کے چھوٹے بڑے سیکڑوں اجتماعات منعقد کیے گئے اور نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ کی سلامتی، خوشحالی اور ملک کی ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر قائد میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع پولوگراونڈ میں منعقد ہوا۔ اس کے علاوہ ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات بھی منعقد ہوئے جہاں لاکھوں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی۔
صدر ممنون حسین نے کراچی میں نماز عید ادا کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے ریس کورس پارک جب کہ سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار بھی لاہور میں عید منا رہے ہیں۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کے سلسلے میں جانوروں کی قربانی کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں