نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدردوبارہ اڈیالہ جیل منتقل

سابق وزیر اعظم نوازشریف اپنی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ساتھ جاتی امراء سے اڈیالہ جیل روانہ ہوئے، اڈیالہ جیل کے تین افسربھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہیں سخت سیکیورٹی میں پہلے لاہور ایئرپورٹ لے جایا گیا، لیگی رہنما اور شہباز شریف بھی ان کے ہمراہ تھے۔جہاں سے خصوصی پرواز کے ذریعے انہیں راولپنڈی روانہ کیا گیا۔ حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور یوسف عباس نواز شریف کے ساتھ ایئرپورٹ تک گئے، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو نواز شریف کے ساتھ راولپنڈی تک جانے کی اجازت ملی، روانگی سے پہلے شریف فیملی کے افراد نے بیگم کلثوم نواز کی قبر پر حاضری بھی دی، نواز شریف کی والدہ بیٹے کو جیل کیلئے رخصت کرنے پر آبدیدہ ہو گئیں اور دعائیں بھی دیں۔ اس سے پہلے میاں نواز شریف نے پیرول میں توسیع کی درخواست نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ توسیع نہ لینے کے موقف میں مریم نواز کی رائے کی نواز شریف نے تائید کی۔ شہباز شریف کی طرف سے چند روز کی توسیع لینے کی بات کی گئی، مریم نواز نے توسیع کی درخواست نہ کرنے پر سخت موقف ظاہر کیا، فیملی کے بعض دیگر افراد بھی توسیع کی درخواست پر راضی تھے، نواز شریف نے شہباز شریف کو جواب دیا کہ پہلے بھی آپ کی ضد پر پیرول لی لیکن اب نہیں۔ واضح رہے کہ نوازشریف، مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن صفدر کو بیگم کلثوم نواز کی تدفین میں شرکت کے لیے پرول پررہا کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں