نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست

لاہور سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے مقامی وکیل عامر ظہیر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا ای سی ایل میں شامل کرنے پر اعتراض اٹھایا گیا۔ درخواستگزار وکیل نے بتایا کہ عدالت نے ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے احکامات کی کاپی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن وزارت داخلہ نے احکامات کی نقول فراہم نے نہیں کیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ وزارت داخلہ کو حکم دیا جائے کہ وہ نواز شریف، ان کی صاحبزادی اور داماد کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے احکامات کی نقل فراہم کرے۔ عدالت نے وزارت داخلہ سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست پر مزید کارروائی 14 جنوری تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں