راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ ریاست کی رٹ قائم کرنے اور قانون کی حکمرانی کیلئے تمام ریاستی اداروں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی جیوسٹرٹیجک صورتحال اور سیکیورٹی کے امور پر غور کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو دانستہ نشانہ بنانے اور پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈر کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ ریاستی رٹ اور قانون کی بالادستی سے ہی ملک ترقی کرے گا اور خوشحالی آئے گی، اس سلسلے میں تمام ریاستی اداروں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ شرکا نے اس کا عزم اظہار کیا کہ خطے میں اور ملک میں مستقل اور دیرپا امن کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔