پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 2 روپے سے لے کر 9 روپے تک مہنگی کرنے کی سفارش

اسلام آباد اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھیج دی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 2 روپے سے لے کر 9 روپے تک مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ کچھ روز سے خبریں گرد کر رہی تھیں کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی واقع ہو جائے گی۔ امکان تھا کہ یکم دسمبر سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی جائے گی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہو رہی ہے، تو اسی باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔ تاہم اب اوگرا نے عوام پر مہنگائی کا بم گرانے والی سمری تیار کر لی ہے۔
اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار کی ہے۔ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 2 روپے سے لے کر 9 روپے تک مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اوگرا نے سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ سفارش کردہ قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے کیا جائے۔ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردہ سمری کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 6روپے 21پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں 2روپے فی لیٹر، مٹی کےتیل کی قیمت میں 9روپے91پیسےفی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7روپے79پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے سمری وزارت خزانہ کو بھجوائی جائے گی۔ وزارت خزانہ کی منظوری کے بعد ہی اوگرا کی سفارش کردہ نئی قیمتوں کا اطلاق ہو سکے گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزارت خزانہ اوگرا کی جانب سے تیار کردہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں