اسلام آباد: حکومت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں نامزد تمام 172 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈال دئیے گئے۔ سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور سابق وزیر ا علی قائم علی شاہ کے نام بھی ای سی ایل میں شامل ہوگئے۔
دستاویز کے مطابق سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، رکن سندھ اسمبلی انور سیال، امتیاز شیخ اور مکیش چاولا کے نام بھی ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دئیے گئے ہیں۔ اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید، عبدالغنی مجید، نمر مجید اور نازلی مجید بھی ملک سے باہر نہیں جا سکیں گے۔ صدر سمٹ بینک حسین لوائی، احسن رضا درانی، صدر سندھ بینک احسن طارق، چیئرمین سندھ بینک بلال شیخ، صدر نیشنل بینک علی رضا کے نام بھی ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دئیے گئے ہیں۔
سیاستدانوں کیساتھ اہم عہدوں پر تعینات بیوروکریٹس، سیکرٹری لینڈ ثاقب سومرو، سیکرٹری سہیل راجپوت، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ نثار احمد شیخ، ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان اور سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کر دئیے گئے ہیں۔ سیکرٹری انڈسٹریز سید ضمیر حیدر، ریاض لال جی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ای سی پی عابد حسین اور قائم مقام چیئرمین ایس ای سی پی طاہر محمود کے نام بھی ای سی ایل ڈال دئیے گئے۔ ای سی ایل میں ڈالے گئے ناموں کی فہرست امیگریشن حکام کو بجھوائی جا رہی ہے۔