کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اجمل حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق گزشتہ رات ڈاکٹر اجمل کے دل میں تکلیف ہوئی جس کے باعث انہیں فوری طور پر نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ آج صبح حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔
مرحوم ڈاکٹر اجمل کی میت کچھ دیر میں اسپتال سے ان کے گھر منتقل کی جائے گی اور نماز جنازہ عصر میں ادا کی جائے گی۔ ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق پروفیسر اجمل خان کی نماز جنازہ مرکزی جامعہ مسجد ابراہیم میں ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کی تدفین جامعہ کراچی کے قبرستان میں ہوگی۔
مرحوم ڈاکٹر اجمل خان شعبہ نباتات کے پروفیسر تھے اور انہیں 2017 میں جامعہ کراچی کا 17 واں وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر اجمل خان کو گراں قدر خدمات پر ستارہ امتیاز کے اعزاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔