اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مجتبیٰ میمن کو چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور رضا باقر کو گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کے عہدے خالی ہونے کے بعد وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکریٹری مجتبیٰ میمن کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا چیئرمین اور آئی ایم ایف کے آفیسر رضا باقر کو گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کردیا ہے. اس حوالے سے نوٹی فکیشنز جاری ہوچکے ہیں۔
سابق چیئرمین جہانزیب خان کی جگہ آنے والے نئے چئیرمین ایف بی آر احمد مجتبی کا تعلق پاکستان کسٹمز سروس سے ہے اور ان کا شمار بہتر ایڈمنسٹریٹر کے طور پر ہوتا ہے۔ انہیں کچھ عرصہ قبل ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ لگایا گیا تھا، اس سے پہلے احمد مجتبی میمن ڈائریکٹر جنرل آئی او سی او کراچی تعینات رہ چکے ہیں۔
اسی طرح سابق گورنر طارق باجوہ کی جگہ آنے والے نئے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر آئی ایم ایف کے آفیسر ہیں جو آج کل آئی ایم ایف کے مصر کے سینئر نمائندے کے طور پر تعینات ہیں، ان کی تقرری کی ٹرمز اینڈ کنڈیشنز صدر پاکستان کی منظوری سے بعد میں جاری کی جائیں گی۔ انہیں تین سال کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کیا گیا ہے، ان کی بطور گورنر اسٹیٹ بینک تین سالہ مدت کا اطلاق ان کے چارج سنبھالنے کی تاریخ سے ہوگا۔