لالہ موسیٰ: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما اور تنظیم کے وسطی پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ کا جواں سال بیٹا اسامہ قمر کائرہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گیا۔ ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بیٹے کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملتے ہی قمر زمان کائرہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس چھوڑ کر لالہ موسٰی روانہ ہو گئے۔
قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر کائرہ گورنمنٹ کالج لاہور میں زیر تعلیم تھے اور ان کا انتقال لالہ موسیٰ میں ہونے والے ٹریفک حادثے میں ہوا۔ کار میں سوار اسامہ کے دوست حمزہ بٹ بھی جاں بر نہ ہو سکے. تفصیلات کے مطابق اسامہ لالہ موسیٰ سے اپنے دوست کے ہمراہ کھاریاں جا رہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث گاڑی ایک درخت سے ٹکرا گئی اور دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے.
وزیراعظم عمران خان نے قمر زمان کائرہ کے جواں سال بیٹے کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور غمزدہ والدین اور خاندان کے صبر کی دعا کی۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی پی پی رہنما کے جواں سال بیٹے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں کائرہ فیملی کے ساتھ ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے قمر زمان کائرہ سے ان کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جواں سال بیٹے کے انتقال کی اندوہناک خبر سن کر شدید صدمہ ہوا، خدا سے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہوں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی قمرزمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور ان کا کہنا تھا کہ جواں سال بیٹےکی خبر سن کر دلی رنج اور افسوس ہوا ہے۔
اس سے قبل وفات کی خبر سن کر قمر زمان کائرہ لالہ موسیٰ پہنچے تو ڈیرہ کائرہ پر حلقہ کے عوام چودھری قمر زمان کائرہ سے اظہار افسوس کرنے پہنچ گئے. اس موقع پر ڈیرہ کائرہ پر انتہائی رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے. حلقہ کے عوام سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ سے مل کر ڈھاریں ما ر مار کر روتے رہے.
یاد رہے کہ اسامہ قمر زمان کائرہ کی نمازِ جنازہ ہفتہ کے روز سہ پہر تین بجے لالہ موسیٰ میں ادا کی جائے گی.