قمری کیلنڈر مکمل، عید5 جون کو ہوگی: فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ قمری کیلنڈر مکمل کر لیا گیا ہے اور اس کے مطابق عید الفطر 5 جون ہوگی۔
فواد چودھرری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قمری کیلنڈر تیار کرلیا گیا ہے اور اس کے مطابق امسال 29 روزے ہوں گے اور شوال کا چاند 4 جون کو نظر آنے کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قمری کیلنڈر جاری کرنے سے قبل مفتی منیب الرحمٰن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے مشاورت کی جائے گی۔ جب کہ فواد چودھری نے گزشتہ روز قمری سال کا کیلنڈر مکمل کرکے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھی بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم ہر بار چاند کے معاملے پر تقسیم نظر آتے ہیں جس سے منفی تاثر ملتا ہےاور قوم کا حوصلہ بھی پست ہوتا ہے اس لیے قمری کیلنڈر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ فواد چودھری نے قمری کیلنڈر بنانے کے لیے پانچ رکنی کمیٹی قائم کی تھی جس میں اسپارکو، محکمہ موسمیات اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں