کرکٹ ورلڈ کپ 2019: پاکستانی ٹیم کی کِٹ کی رونمائی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 30 مئی سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کِٹ کی رونمائی کر دی ہے۔ کرکٹ کا سامان بنانے والی مقامی کمپنی اے جے سپورٹس کی بنائی ہوئی کِٹ میں گہرا سبز رنگ سب سے زیادہ نمایاں ہے۔ اس کِٹ کی شرٹ کے درمیان میں سبز رنگ کے مختلف شیڈز ہیں جن میں سفید رنگ سے پاکستان لکھا ہوا ہے۔ شرٹ کے بائیں جانب کرکٹ بورڈ کا لوگو اور دائیں جانب عالمی کرکٹ کپ 2019 کا لوگو موجود ہے۔
شرٹ کے عقبی حصے میں اوپر پاکستان کا جھنڈا اور درمیان میں کھلاڑی کا نام اور نمبر درج ہے۔
اے جے کرکٹ ماضی میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کِٹ فراہم کرتے رہے ہیں اور انھوں نے 2003 کے عالمی کپ میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کی لیے بھی کِٹ فراہم کی تھی۔
ٹورنامنٹ کے قواعد کے مطابق اس بار 1992ء کے ورلڈ کپ کا فارمیٹ استعمال ہوگا جس کے تحت ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان اپنا پہلا مقابلہ ٹرینٹ برج کے میدان میں 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔
شائقین کو سب سے زیادہ انتظار 16 جون کو ہونے والے مقابلے کا ہے جب پاکستان اور انڈیا مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ کے میدان میں مدمقابل ہوں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ورلڈ کپ کے مقابلوں میں کبھی بھی انڈیا کو شکست نہیں دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں