پشاور: ملک بھر میں ایک ہی عید کی امید پھر دم توڑ گئی جب کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں آج سرکاری سطح پر عید الفطر منائی جارہی ہے۔ پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی مسجد قاسم علی خان کو پھر چاند نظر آگیا جس پر خیبر پختونخوا کی حکومت نے بھی آج عید منانے کا اعلان کردیا۔ مرکزی عیدگاہ چارسدہ روڈ پر نماز عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوا جبکہ باقی ملک میں آج بھی روزہ ہوگا۔
مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس آج منگل کے روز منعقد ہونگے، جامع مسجد قاسم علی خان میں مقامی علماء کرام کااجلاس پیر کی شام مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں پشاور کے علاقوں تہکال، پلوسی، یکہ توت، پیرگلاب شاہ، کاکشال اورلالی باغ سے 18شہادتیں موصول ہوئیں اور انھیں درست قرار دیا گیا اور ان کی بنیاد پر مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے آج منگل 4 جون کوعیدالفطرمنانے کا اعلان کردیا۔
اس اعلان کے بعد خیبر پختونخوا حکومت بھی مقامی رویت ہلال کمیٹیوں کے رنگ میں رنگ گئی اور مرکزی حکومت و وزارت سائنس وٹیکالوجی کی کوششوں کے برعکس صوبائی حکومت نے پشاورسمیت مختلف اضلاع میں مقامی طور پر موصول ہونے والی شہادتوں اورعید کے اعلان کے پیش نظر آج منگل کے روز عیدمنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے بتایا کہ چوں کہ صوبہ کے مختلف اضلاع میں عید کا اعلان ہو گیا ہے، اس لیے صوبائی حکومت بھی آج منگل کے روز ہی عید کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ گورنر، وزیراعلیٰ اور ساری کابینہ آج عید منائیگی، گورنر اور وزیراعلی گورنر ہائوس پشاور میں نماز عید ادا کریں گے جبکہ صوبائی وزرا اپنے حلقوں میں عید منائیں گے۔
واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس آج منگل کے روز منعقد ہو رہے ہیں اور مرکزی کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہی مرکز اور دیگر صوبوں میں عید منائی جائے گی۔