لاہور: انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نے ہاکی کی نئی عالمی درجہ بندی جاری کر دی ہے۔ پاکستان نے تنزلی کی نئی تاریخ رقم کر دی۔ ذرائع کے مطابق پرو ہاکی لیگ نہ کھیلنے کی وجہ سے گرین شرٹس کی پانچ درجہ تنزلی ہوئی، پاکستان پہلی مرتبہ عالمی رینکنگ کی تاریخ میں 17 نمبر پر چلا گیا، عالمی کپ کے بعد پاکستان 12 نمبر پر تھا اب 17 ویں نمبر پر چلا گیا۔ نئی رینکنگ کے مطابق ملائیشیا نے پاکستان کی جگہ 12 واں نمبر حاصل کر لیا ہے، عالمی رینکنگ میں بھارت، ملائیشیا، کوریا اور جاپان بھی پاکستان سے اوپر ہیں۔ آسٹریلیا بلجیم کی جگہ لے کر پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق بلجیم دوسرے نمبر پر براجمان ہے، ہالینڈ تیسرے، ارجنٹینا چوتھے، بھارت پانچویں، انگلینڈ چھٹے، جرمنی ساتویں، نیوزی لینڈ آٹھویں، سپین نویں، کینیڈا دسویں نمبر پر ہے۔ نئی رینکنگ کے مطابق آئر لینڈ کی 11 ویں پوزیشن ہے، ملائیشیا ترقی پا کر 12 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، فرانس کا 13 واں نمبر ہے، ساؤتھ افریقہ، جنوبی کوریا، جاپان رینکنگ میں پاکستان سے اوپر ہیں، گرین شرٹس کے نیچے چین، آسٹریا اور مصر کی ٹیمیں موجود ہیں۔