نہتے کشمیریوں پر مظالم کا جواب بھارت کو ایک دن ضرور دینا پڑے گا، ایس اے صہبائی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ): جرنلسٹس ایسوسی ایشن پاکستان (رجسٹرڈ) کا مقصد مثبت میڈیا کا فروغ اور مثالی پاکستانی معاشرے کا قیام ہے کیوں کہ قائداعظم کا پاکستان دنیا میں دین اسلام اور انسانیت کی سربلندی کے لیے معرض وجود میں آیا۔ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کا جواب بھارت کو دینا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار معروف ادیب، صحافی، شاعر، سماجی کارکن اور جرنلسٹس ایسوسی ایشن پاکستان کے بانی ایس اے صہبائی نے 14 اگست کو جشن آزادی پاکستان اور جرنلسٹس ایسوسی ایشن پاکستان کی سالگرہ کے موقع پر خطاب میں کیا.
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے پاکستانی صحافی مثبت میڈیا کے فروغ اور ترقی پسند پاکستان کے لیے کام کریں۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ پاکستان ہی ہمارا تشخص ہے. دنیا کے کسی کونے میں بھی چلے جائیں ہماری پہچان بحیثیت پاکستانی ہی رہے گی۔ ایس اے صہبائی نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ وہاں کے نہتے عوام پر بھارتی فوج کے ظلم و ستم کا جواب ایک دن ضرور دینا پڑے گا۔ کشمیری اور فلسطینی عوام مظلوم اور ہماری ہمدردی کے مستحق ہیں۔ کشمیر کے نہتے مسلمانوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جارہا ہے۔ ہم سب کشمیر کے مسلمانوں کے ہر جائز مطالبے اور حق کے لیے تمام صحافتی تنظیموں کی مدد سے ان کے حقوق کی آواز اٹھائیں گے۔ انشاء اللہ تعالٰی کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا اور دشمن منہ کی کھائے گا۔
جرنلسٹس ایسوسی ایشن پاکستان کے بانی کا کہنا تھا کہ ہماری آنے والی نسلیں پاکستانی افواج اور عوام کے دلیرانہ موقف کی تائید کریں گی۔ ہمیں ہر صورت میں دنیا کے سامنے پاکستان کی مثبت تصویر کو اجاگر کرنا ہے۔ ایس اے صہبائی نے اس موقع پر میڈیا اراکین کو ذاتی پسند ناپسند کو بالائے طاق رکھ کر ایک مرکزی پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی تلقین کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ صحافتی حقوق کی بحالی صرف صحافتی اتحاد کی بدولت ہی ممکن ہے. تبھی ہم اپنے غریب صحافی بھائیوں کے خاندان کے روشن مستقبل کے لیے جدوجہد کر سکتے ہیں۔
جرنلسٹس ایسوسی ایشن پاکستان رجسٹرڈ نے ہمیشہ پاکستان کی تمام صحافتی تنظیموں کے ساتھ تعاون کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب جرنلسٹس ایسوسی ایشن پاکستان رجسٹرڈ کا شمار دنیا میں بہترین صحافتی تنظیم میں ہوتا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں