سرینگر: مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کے دوران فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ضلع اسلام آباد میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ قابض فوج کی جانب سے نصب کیا گیا بارودی مواد پھٹنے کے باعث مزید 2 کشمیری شدید زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع شوپیاں، پلوامہ اور بڈگام میں بھی قابض افواج کا علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ضلع پلوامہ میں بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا تھا جب کہ گزشتہ ہفتے سے لیکر اب تک قابض بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون اور 8 کشمیری نوجوان شہید ہوچکے ہیں۔