صوبہ پنجاب میں جمعۃ المبارک 13 نومبر سے ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ منایا جائے گا

لاہور: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کو تزک و احتشام سے منانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا آغاز جمعۃالمبارک 13 نومبر سے ہوگا۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس کو بیان کرنے کیلئے صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر تقریبات ہوں گی۔ الحمرا اوپن ایئر کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں محفل نعت اور محفل سماع کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ملک کے نامور نعت خواں اور قوال شرکت کریں گے جبکہ باغ جناح میں کیلی گرافی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ خواتین کیلئے علیحدہ محفل میلاد کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیراہتمام عالمی مشائخ و علماء کنونشن کا انعقاد ہوگا۔ کنونشن میں عالمی شہرت کے حامل مشائخ و علماء بھی شریک ہوں گے۔ عالمی قرأت کانفرنس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے زیر اہتمام کالجوں اور یونیورسٹیوں میں نعتیہ اور تقریری مقابلے ہوں گے۔ ان مقابلوں میں سرکاری و نجی یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات حصہ لیں گے اور جیتنے والے طلبا و طالبات میں نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جائیں گے۔ سکولوں میں نعتیہ اور کوئز مقابلے ہوں گے، نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ 50 کروڑ روپے کے فنڈ سے رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ قائم کر دیا گیا ہے۔ ہر ڈویژن کی یونیورسٹی میں رحمت اللعالمین ﷺ چیئر قائم کی جائے گی۔ سکالرز کو اسلامی دنیا کے بہترین اداروں میں نبی کریم ﷺ کی سیرت پر ریسرچ کیلئے سکالرشپ دئیے جائیں گے۔ 25 کروڑ روپے کی رقم سے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو وظائف دئیے جائیں گے۔ میٹرک پاس غریب اور نادار طلبہ کو مزید پڑھائی کیلئے 25 کروڑ روپے کے رحمت اللعالمینﷺ سکالرشپ دیئے جائیں گے۔ محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کی حیات مبارکہ پر مختصر دستاویزی فلمیں بنائی جائیں گی۔ بہترین ڈاکومنٹری کو ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر انگلش اور فرنچ سب ٹائٹلز کے ساتھ نشر کیا جائے گا اور مقابلے کے ونر پروڈیوسر کو اسناد اور نقد انعام دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ رحمت اللعالمین ﷺ کی شان بیان کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ منا کر دنیا کو نبی کریم ﷺ سے محبت اور عقیدت سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔ صوبہ بھر میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کی تقریبات میں کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کی تقریبات کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائیں اور مربوط انداز میں تقریبات کے انتظامات کو جلد حتمی شکل دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں