آئی ایم ایف کا پاکستان سے بجلی کی قیمت اور ٹیکس بڑھانے کا مطالبہ

اسلام آباد: آئی ایم ایف نے پاکستان سے بجلی کی قیمت، انکم و سیلز ٹیکس اور ریگولیٹری ڈیوٹیز بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ریگولیٹری ڈیوٹی کے حوالے سے مزید ٹیکس اقدامات کرے تاکہ سالانہ محصولات کا ہدف 58 کھرب روپے سے بڑھ کر 63 کھرب روپے ہوجائے۔
پاکستانی حکام بجلی ٹیرف میں سہ ماہی تبدیلیاں کرچکے ہیں لیکن اگر بنیادی ٹیرف میں اضافہ نہیں ہوا تو خوف ہے کہ گردشی قرضہ مینجمنٹ پلان (سی ڈی ایم پی) کو حتمی شکل نہیں دی جاسکے گی۔
حکام کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے ذاتی انکم ٹیکس کی شرح میں اضافے کی بھی تجویز دی ہے، اس حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور ہیں جس کے ذریعے اضافی 100 ارب روپے سے 150 ارب روپے ٹیکس حاصل کیا جاسکے گا۔
اس کے علاوہ رواں مالی سال میں مزید جی ایس ٹی استثنا کو واپس لیے جانے کی بھی تجویز ہے جب کہ ایف بی آر نے بھی چند درجن اشیا کی فہرست تیار کی ہے، جہاں آر ڈی میں اضافہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں