نیدرلینڈز میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفارتخانہ کی جانب سے پاکستان کا یومِ آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ پاکستان ہاؤس. دی ہیگ میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نیدرلینڈز کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی پاکستانیوں، طلباء، خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔
قومی ترانے کی دھن پر سفیرِ پاکستان جناب سلجوق مستنصر تارڑ نے قومی پرچم لہرایا۔ اس پرمسرت موقع پر صدرِ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان اور وزیرِاعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستان کے معروف کوہ پیما شہروز کاشف نے بھی پرچم کشائی کی اس تقریب میں شرکت کی۔ وہ K2 کو سر کرنے والے سب سے کم عمر کوہ پیما ہیں جنہوں نے 27 جولائی 2021ء کو یہ معرکہ سرانجام دیا تھا۔ شہروز کاشف ان دنوں پاکستان کی سیاحتی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے نیدرلینڈز کے دورے پر ہیں۔
سفیرِ پاکستان جناب سلجوق مستنصر تارڑ نے اپنے خطاب میں تحریکِ پاکستان کے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان اور نیدرلینڈز کے دوطرفہ تعلقات اور اس سال دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کی یاد میں ہیگ اور اسلام آباد میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریبات کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کشمیری عوام کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھنے پر بھی زور دیا اور پاکستان کی جانب سے ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
سفیرِ پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہا اور زور دیا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں اپنا تعمیری کردار ادا کرتے رہیں۔
پاکستانی نوجوان سفارت کاروں کے ایک گروپ نے بھی تقریب میں شرکت کی جو ان دنوں ایک تربیتی پروگرام کے سلسہ میں ہیگ میں موجود ہیں. تقریب کا اختتام پاکستان کی خوشحالی، سلامتی اور معاشی استحکام کے لیے مانگی گئی دعاؤں سے ہوا۔