ڈائریکٹوریٹ جنرل آف بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز (بیکس) اور فورم فار ڈگنٹی انیشیٹوز (ایف ڈی آئی) کا اسلام آباد کے سکولوں میں ماحولیاتی تعلیم کو بڑھانے کے حوالے سے تاریخی لیٹر آف انڈرسٹینڈنگ پر دستخط کی تقریب

اسلام آباد (بیورو رپورٹ): ماحولیاتی تعلیم کی انسانی حقوق سے وابستگی کو اجاگر کرنے کے حوالے سے بیکس اور ایف ڈی آئی نے مفاہمتی لیٹر آف انڈرسٹینڈنگ (LOU) پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ اس شراکت داری کا مقصد اسلام آباد بھر کے غیر رسمی اور رسمی سکولوں میں ماحولیاتی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔
دستخطی تقریب کا انعقاد بیکس اسلام آباد آفس میں کیا گیا جس کی قیادت جناب حمید خان نیازی صاحب نے کی جب کہ ایف ڈی آئی کی نمائندگی محترمہ عظمیٰ یعقوب صاحبہ نے کی- اس تقریب میں دونوں تنظیموں کے نمائندگان، ماہرین تعلیم اور کارکنوں نے شرکت کی جو کہ ایک پائیدار اور باخبر مستقبل کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔
لیٹر آف انڈرسٹینڈنگ کا مقصد اسلام آباد کے غیر رسمی سکولوں کے نصاب میں ماحولیاتی تعلیم کے ماڈیولز کو شامل کرنے کے لیے ایک جامع فریم ورک پیش کرنا ہے۔ یہ اہم اقدام طلباء کو ماحولیاتی تبدیلی سے درپیش مسائل کو سمجھنے، ان سے نمٹنے اور ان کو کم کرنے کے لیے ضروری علم اور مہارتوں سے ہمکنار کرنے کی جانب ایک کوشش ہے۔
بیکس نے اس شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا  کہ ”تعلیم معاشرتی ترقی کا سنگِ بنیاد ہے اور ذمہ دار شہریوں کو پروان چڑھانے میں ماحولیاتی تبدیلی پر تعلیم ایک کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ ایف ڈی آئی کے ساتھ یہ تعاون معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ہمارے عزم کے مطابق ہے جو طلباء کو ہر وقت بدلتی دنیا میں چلنے کے لیے ضروری آلات سے آراستہ کرتا ہے.‘‘
محترمہ عظمیٰ صاحبہ کا کہنا تھا کہ ”ایف ڈی آئی کی ماحولیاتی وکالت سے ایک دیرینہ وابستگی ہے- ماحولیاتی تبدیلی کی تعلیم کو غیر رسمی سکولوں میں ضم کرنے سے ہمارا مقصد نوجوان نسل میں ذمہ داری، ماحولیاتی شعور اور انسانی حقوق کی اقدار کا احساس پیدا کرنا ہے.‘‘
اس شراکت داری کے کلیدی اور اہم اجزاء میں خصوصی تدریسی مواد کی بہتری، اساتذہ کے لیے تربیتی پروگرامز کا اہتمام، اور ماحولیاتی تعلیم کے ماڈیولز کو مؤثر بنانے کے لیے تشخیصی نظام کا قیام شامل ہے۔
بیکس اور  ایف ڈی آئی کے درمیان باہمی تعاون کی کوششیں ماحولیاتی تبدیلی اور انسانی حقوق کے یکجا مسائل سے نمٹنے کی طرف ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہیں۔ یہ تقریب تعلیم کے ذریعے ایک زیادہ پائیدار اور مساوی مستقبل کی تعمیر کے لیے مشترکہ عزم کی نمائندگی بھی کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں